ترقی پذیر آٹھ اسلامی ممالک کی تنظیم (ڈی ایٹ)کے سیکریٹری جنرل سفیر سہیل محمود نے 2 سے 4 جولائی 2026 تک اسلامی جمہوریہ ایران کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی یاد میں منعقدہ تعزیتی و خراجِ عقیدت تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے ڈی ایٹ کی جانب سے ایران کی قیادت، حکومت اور عوام سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی، اہل خانہ اور ایرانی عوام کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی اور تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔دورہ تہران کے دوران سیکریٹری جنرل نے ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر سید عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں ڈی ایٹ اور ایران کے درمیان دیرینہ تعاون، خطے کی موجودہ صورتحال، تنظیم کی ترجیحات اور آئندہ مرحلے کی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سہیل محمود نے ایران کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ڈی ایٹ کے مختلف شعبوں میں ہونے والی حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تعزیتی تقریب میں شرکت پر سیکریٹری جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے امن کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور بدلتے ہوئے علاقائی حالات میں اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے ڈی ایٹ کے بانی رکن کی حیثیت سے تنظیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے ایران کے بھرپور تعاون کا اعادہ بھی کیا۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط اور باہمی اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

سہیل محمود نے ایرانی نائب وزیر خارجہ و صدر انسٹی ٹیوٹ فار پولیٹیکل اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز ڈاکٹر سعید خطیب زادہ اور ایران کے ڈی ایٹ کمشنر سفیر علی رضا توتونچیان سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں 2020 تا 2030 کے عشرہ جاتی روڈ میپ کے تحت پالیسی ڈائیلاگ، ادارہ جاتی استعداد، تنظیمی مثریت اور ڈی ایٹ کے بین الاقوامی کردار کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔سیکریٹری جنرل نے مختلف ملاقاتوں میں اس امر پر زور دیا کہ ڈی ایٹ تنظیم اقتصادی انضمام، تجارت و سرمایہ کاری، صنعتی تعاون، جدت، ٹیکنالوجی، توانائی کے تحفظ، پائیدار ترقی اور عوام دوست معاشی نمو کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے، جبکہ ایران کی صنعتی و تکنیکی صلاحیتیں اور اس کا تزویراتی محل وقوع ڈی ایٹ کے مشترکہ اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے سے ڈی ایٹ سیکریٹریٹ اور ایران کے درمیان شراکت داری مزید مستحکم ہوئی ہے اور دونوں جانب سے تنظیم کی ادارہ جاتی صلاحیت، اقتصادی تعاون اور عالمی سطح پر ڈی ایٹ کے مئوثر کردار کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔







