ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ نے عیدالاضحی 2026 کے موقع پر اپنی خصوصی صفائی مہم کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے کوہاٹ کے چھ اربن یونین کونسلز اور کے ڈی اے کے علاقوں سے تقریبا 2310 ٹن قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ماحول دوست طریقے سے تلف کر دیا۔ عید کے تینوں دن ادارے کا عملہ صفائی ستھرائی اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے متحرک رہا جبکہ شہریوں نے ادارے کی بہترین کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔عیدالاضحی کی خصوصی صفائی مہم میں 90 مختلف گاڑیوں نے حصہ لیا جن میں سوزوکی منی ٹپرز، گاربیج کمپیکٹرز، ٹریکٹر ٹرالیز، سکپ ٹریکٹرز، ٹریکٹر شاول اور اسکیویٹر شامل تھے۔ اس آپریشن میں انتظامی افسران سمیت تقریبا 400 اہلکاروں نے حصہ لیا اور عید کے تینوں دن مسلسل خدمات انجام دیں۔خصوصی صفائی مہم کا باقاعدہ افتتاح عید کے پہلے روز صوبائی وزیر برائے اطلاعات شفیع جان، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ احمد نواز اور ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز و قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد سعد نے سنگیڑھ سکول نمبر 3 سے کیا۔ اس موقع پر بورڈ ممبر احسان اللہ جان اور ہیڈ آف آپریشنز طاہر عفیف بھی موجود تھے۔ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ نے اپنے دائر کار میں 253 کلیکشن پوائنٹس اور 22 ٹرانسفر سٹیشنز قائم کیے تھے جن کے بارے میں عوام کو سوشل میڈیا، بینرز، پمفلٹس اور آگاہی مہمات کے ذریعے پیشگی آگاہ کیا گیا تھا۔ ادارے نے صفائی مہم کے دوران تقریبا 3000 بائیو ڈیگریڈ ایبل بیگز بھی شہریوں میں تقسیم کیے تاکہ آلائشوں کو محفوظ طریقے سے جمع کیا جا سکے۔ادارے نے عید کے پہلے روز رات 12 بجے تک صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا تھا جبکہ کمپلینٹ سیل عید کے تینوں دن فعال رہا۔ اس دوران موصول ہونے والی 15 شکایات کو فوری طور پر حل کیا گیا۔ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز و قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد سعد نے عیدالاضحی کے تینوں دن صفائی آپریشن کی خود نگرانی کی اور فیلڈ سرگرمیوں کا مسلسل جائزہ لیتے رہے۔ اس کے علاوہ واٹر سپلائی سٹاف بھی تینوں دن ڈیوٹی پر موجود رہا اور شہریوں کو پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی گئی۔عید کے تینوں دن کی آلائشوں کو محمد زئی ڈمپنگ سائٹ پر پہلے سے تیار کردہ گڑھے میں منتقل کیا گیا اور آپریشن کے اختتام پر انہیں ماحول دوست طریقے سے تلف کیا گیا۔ صفائی آپریشن مکمل ہونے کے بعد تمام کلیکشن پوائنٹس کو فینائل سے دھویا گیا اور جراثیم کے پھیلا کی روک تھام کے لیے چونے کا چھڑکا بھی کیا گیا۔شہریوں نے ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مختلف ویڈیو پیغامات ارسال کیے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ادارے کی خدمات کو بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد سعد نے کوہاٹ کی عوام، میڈیا، تاجر برادری اور تمام متعلقہ اداروں کا تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے تعاون سے ہی عیدالاضحی کی خصوصی صفائی مہم کامیابی سے مکمل ہوئی اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے کا ہدف حاصل کیا جا سکا۔







