بھارت کی ریاست تلنگانہ کے ضلع محبوب آباد کے گائوں کماٹی پلی میں محض ٹِنڈ کروانے کی وجہ سے بائیومیٹرک مشین نے ایک مزدور کی حاضری لگانے سے انکار کر دیا۔تاہم، ایک خاتون مزدور کے دیسی جگاڑ نے جدید ترین چہرہ پہچاننے والی ٹیکنالوجی کو بھی مات دے دی۔اس گائوں میں لگے ایک پراجیکٹ میں کام کرنے والے مزدوروں کی حاضری ایک موبائل ایپ اور فیشل ریکگنیشن سسٹم کے ذریعے لگائی جاتی ہے۔ اسی گائوں کے ایک مزدور سری نواس نے حال ہی میں ایک مذہبی رسم کے تحت مندر میں اپنے بال نذر کیے اور سر منڈوا لیا۔جب وہ کام پر پہنچا اور سپروائزر نے ایپ کے ذریعے اس کا چہرہ اسکین کرنا چاہا، تو مشین نے اسے پہچاننے سے صاف انکار کر دیا، کیونکہ اس کا نیا گنجا سر ایپ میں موجود پرانی تصویر سے میچ نہیں ہو رہا تھا۔ اس صورتحال پر وہاں موجود تمام مزدور شدید الجھن کا شکار ہو گئے کہ اب حاضری کیسے لگے گی۔اس موقع پر ایک خاتون مزدور نے انتہائی زبردست جگاڑ نکالا۔ اس نے اپنے لمبے بال آگے کی طرف جھکائے اور انہیں سری نواس کے گنجے سر پر اس طرح رکھ دیا کہ وہ عارضی طور پر بالوں والا دکھائی دینے لگا۔ جیسے ہی سپروائزر نے دوبارہ اسکین کیا، مشین نے فورا اسے شناخت کر لیا اور حاضری درج ہو گئی۔اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین اس جگاڑ پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔






