امریکی محکمہ خارجہ نے پشاور میں واقع امریکی قونصل خانہ مرحلہ وار بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت خیبر پختونخوا سے متعلق سفارتی امور اب امریکی سفارت خانہ اسلام آباد کے تحت انجام دیے جائیں گے۔محکمہ خارجہ کے مطابق یہ اقدام سفارتی عملے کی حفاظت اور وسائل کے موثر انتظام کے عزم کے تحت کیا گیا ہے، تاہم اس تبدیلی کے باوجود پاکستان سے متعلق امریکی پالیسی ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔امریکہ خیبر پختونخوا کے عوام اور حکام کے ساتھ معاشی تعلقات، علاقائی سلامتی، اور امریکی مفادات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ امریکی مشن پاکستان کے تحت دیگر سفارتی دفاتر اسلام آباد، کراچی اورلاہور میں سفارتی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔







