سوات میں قتل کے دو مختلف واقعات میں ایک شخص نے گھریلو ناچاقی پر اپنی بیوی کو قتل کر دیا جبکہ دوسرے واقعے میں سسر نے بہو کو قتل کر کے اسے خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کی،ایس ایچ او تھانہ خوازہ خیلہ محمد ایاز کے مطابق ملزم خان شہزاد ولد بخت زمین ساکن ٹوپسین نے گھریلو تنازع پر فائرنگ کر کے اپنی بیوی کو قتل کیا جسے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں کے اندر آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق مقتولہ کی شادی 2013 میں ملزم سے ہوئی تھی اور اس کے چار بچے تھے اور وہ ملزم کی دوسری بیوی تھی، دوسری جانب تھانہ چپریال کی حدود میں مورخہ 13 اپریل 2026 کو خیال محمد ولد گل کریم ساکن برشور نے اپنی بیٹی کے قتل کی رپورٹ درج کروائی جس پر ڈی پی او سوات محمد عمر خان کے نوٹس لینے پر ایس ایچ او تھانہ چپریال محمد زیب خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم تاج محمد ولد گل کریم کو گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق ملزم نے گھریلو ناچاقی کی بنا پر اپنی بہو کو قتل کرنے کے بعد واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حقیقت بے نقاب کر دی، دونوں واقعات میں مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔







