ملک میں ہوائی جہاز کے ایندھن جیٹ فیول کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ کر دیا گیا، جس کے بعد یہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔ رپورٹ کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں 83 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 471 روپے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ صرف ایک ماہ کے دوران اس ایندھن کی قیمت میں مجموعی طور پر 283 روپے فی لیٹر کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو فضائی صنعت کے لئے تشویشناک صورتحال پیدا کر رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق یکم مارچ 2026 کو جیٹ فیول کی قیمت 188 روپے فی لیٹر تھی، تاہم مارچ کے دوران اب تک یہ چوتھی مرتبہ ہے کہ اس کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ مسلسل اضافے کے باعث ایئر لائنز کو شدید مالی دبا ئو کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث فضائی آپریشنز جاری رکھنا ایئر لائنز کیلئے مشکل ہوتا جا رہا ہے، جبکہ اس کے اثرات براہِ راست مسافروں پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو ہوائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔فضائی شعبے سے وابستہ حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی صورت میں نہ صرف کرایوں میں اضافہ ہوگا بلکہ پروازوں کی تعداد میں بھی کمی کی جا سکتی ہے، جس سے مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔







