حکومت نے وفاقی پولیس کی استعدادِ کار بڑھانے کیلئے پاک فوج کی خدمات لینے کا فیصلہ کرلیا۔ پولیس کی کمانڈو کارروائیوں کی ٹریننگ میں فوجی کمانڈوز کی مدد حاصل کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق وفاقی پولیس کی کمانڈو سطح کی کارروائیوں کو موثر بنانے کیلئے پاک فوج کے تجربہ کار کمانڈوز سے ٹریننگ لی جائے گی۔ اس سلسلے میں وفاقی پولیس کی جانب سے پاک فوج کو باضابطہ خط ارسال کر دیا گیا ہے جس میں دو میجر اور سولہ ایس ایس جی کمانڈوز کی خدمات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دس ایس ایس جی کمانڈوز نیشنل پولیس اکیڈمی میں تعینات ہوں گے جبکہ ایس ایس جی کمانڈوز زیرِ تربیت اے ایس پیز کو خصوصی کمانڈو ٹریننگ فراہم کریں گے۔







