ضلع لکی مروت کے جابو خیل علاقے میں دو پولیس اہلکار دہشت گردوں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کرگئے۔ یہاں حکام نے بتایا کہ کانسٹیبل حکمت اللہ اورکانسٹیبل خان بہادر صبح سویرے اپنے گائوں خیروخیل پکہ سے ساتھ موٹرسائیکل پرڈیوٹی سٹیشن جارہے تھے کہ تھانہ غزنی خیل کے حدودمیں واقع نواب خان زیارت کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں ان پر فائرنگ کردی جس سے دونوں پولیس اہلکارشدید زخمی ہوکر موقع پر دم توڑ گئے، وقوعہ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر ان کی تلاش شروع کردی۔ حکام نے بتایا کہ حکمت اللہ درہ پیزو کے تھانہ شہید ہیبت علی خان اورخان بہادر تھانہ شہباز خیل میں ترسیل ڈاک ڈیوٹی پر تعینات تھے، شہید پولیس اہلکاروں کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال تاجہ زئی میں پوسٹ مارٹم کے بعد پولیس لائنز منتقل کردی گئیں جہاں ان کی نماز جنازہ میں ریجنل پولیس آفیسر بنوں عمران شاہد، ڈپٹی کمشنر لکی مروت ذیشان عبداللہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد جواد اسحاق، دیگر پولیس افسران، شہدا کے لواحقین اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افرد نے شرکت کی۔ پولیس کے ایک چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی جبکہ پولیس اور انتظامیہ کے افسران نے ان کے تابوت پر پھول رکھے اور ملک وقوم کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں شہید پولیس جوانوں کے جسد خاکی تدفین کے لئے آبائی علاقے روانہ کردیئے گئے۔