اسرائیلی فورسز کے غزہ کے بے گھر فلسطینیوں پر خونریز حملے جاری ہیں ،مسجد پر بھی بمباری کی گئی، اسرائیلی فضائی میں کم سے کم 27 فلسطینی لقمہ شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ لبنانی صوبے مائونٹ میں اسرائیل کے بڑے فضائی حملے میں 7 بچوں سمیت 23 شہری لقمہ اجل بن گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دیرالبلاح میں مسجد پر فضائی حملے میں 6 فلسطینی شہید ہوگئے اور متعدد زخمی بھی ہوئے، خان یونس کے المواسی علاقے میں اسرائیلی بمباری سے 11 فلسطینی شہید ہوئے اور 12 افراد زخمی بھی ہوئے۔شہدا کی مجموعی تعداد 43 ہزار 679 ہوگئی، 1 لاکھ 3 ہزار 205 افراد زخمی ہو چکے، مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔دوسری جانب لبنانی صوبے مائونٹ میں اسرائیل کے بڑے فضائی حملے میں 7 بچوں سمیت 23 شہری لقمہ اجل بن گئے۔مشغر اور سہمر میں بمباری سے 4 افراد شہید جبکہ 7 زخمی ہوئے، لبنان وزارت صحت کے مطابق شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، لبنان میں شہدا کی تعداد 3 ہزار 186 ہوگئی۔ادھر اسرائیل فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے گڑھ بیت داحیہ کو خالی کرنے کا حکم دیدیا ہے، وادی بقاع اور عین یعقوب پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے ۔اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے متعدد مراکز کو نشانہ بنانے کا دعوی کرتے ہوئے کہاکہ عسکری اور آپریشنل اپارٹمنٹ اور اسلحے کے ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔دریں اثناء عالمی تنظیموں نے اسرائیل کو غزہ میں انسانی صورتحال بہتر بنانے میں ناکام قرار دیدیا۔ غزہ کی صورتحال سے متعلق 8 عالمی امدادی تنظیموں نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں انسانی صورتحال کو بہتر بنانے میں ناکام رہا ہے۔مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی اقدامات سے شمالی غزہ کی صورتحال ڈرامائی طور پر خراب ہوئی