وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف کی فراہمی نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ بعض پیٹرول پمپس کی جانب سے عوام کو مکمل ریلیف نہ دینے سے متعلق شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اس پر انہوں نے وزیر پیٹرولیم کو ہدایت کی کہ ایسے تمام پمپس کے خلاف سخت ترین اقدام اٹھایا جائے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ جمعہ کے روز پیٹرول کی قیمت میں ۱۵ روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز تھی، تاہم حکومت کے بروقت اور عوامی فیصلے کے باعث یہ اضافہ روک دیا گیا۔ ایل پی جی کی فراہمی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ایل پی جی مافیا کا دور ختم ہو چکا ہے اور حکومت اب خود ایل پی جی درآمد کر کے عوام کو سستے دامن ریلیف فراہم کرے گی۔
اس کے علاوہ انہوں نے خیبر پختونخوا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سلامتی اور سیکیورٹی حکومت کی پہلی، دوسری اور تیسری ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز خیبر پختونخوا کی ترقی اور سیکیورٹی کے لیے ۱۶۰ ارب روپے کے خصوصی پیکج کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔







