گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع چارسدہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دہشت گردوں سے مقابلے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے سی ٹی ڈی کے شہید ڈی ایس پی عمران الدین خان اور شہید پولیس اہلکار کاظم جان کی رہائش گاہوں پر جا کر ان کے لواحقین سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) چارسدہ رفعت اللہ خان (پی ایس پی) بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ گورنر خیبر پختونخوا نے شہداء کے ایصالِ ثواب اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی فاتحہ خوانی کی اور غمی زدہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء ہمارا فخر ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ دورے کے موقع پر چارسدہ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف اور سخت انتظامات کیے گئے تھے۔






