میرانشاہ میں جی او سی 7 ڈویژن میجر جنرل وسیم عارف راجہ نے کمانڈ سنبھالنے کے بعد شمالی وزیرستان کے ملک و مشران، علماء کرام اور عمائدین کے ساتھ اپنا پہلا جرگہ منعقد کیا، جس میں علاقے کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جرگے کے دوران شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی امور، پائیدار امن کے قیام اور مقامی آبادی کو درپیش مشکلات پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر میجر جنرل وسیم عارف راجہ نے امن اور استحکام کے فروغ میں ملک و مشران اور علماء کرام کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی پاک فوج کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔
جی او سی 7 ڈویژن نے مقامی مسائل کے حل کے لیے باہمی رابطوں، مشاورت اور ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف امور کے حل کے لیے مقامی قیادت اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
جرگے کے دوران علاقے کے ملک و مشران کی خدمات کے اعتراف میں انہیں انعامات پیش کیے گئے، جبکہ روایتی اقدار اور مہمان نوازی کے اظہار کے طور پر جی او سی کو روایتی پگڑی بھی پہنائی گئی۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اجتماعی تصویر بنوائی اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور شمالی وزیرستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے خصوصی دعا کی۔







