عام طور پر انٹرنیٹ پر وائرل ٹرینڈز لوگ تفریح کے لیے استعمال کرتے ہیں۔مگر چین میں ایک خاتون کو 26 سال بعد حقیقی خاندان سے ملا دیا گیا تو اس کی ماضی اور آج کی تصاویر وائرل ٹرینڈ بن گئیں۔جی ہاں واقعی صوبہ شان ڈونگ سے تعلق رکھنے والی سن مائی ہوا کو اس کے خاندان نے اس وقت ڈھونڈا جب ایک آن لائن صارف کوشین نے خاتون کی کہانی شیئر کی۔ایک گاں کے دورے کے دوران اس آن لائن صارف کا سامنا سن مائی ہوا سے ہوا۔خاتون کے بال سفید تھے جبکہ دیکھنے میں ذہنی مریض لگ رہی تھی۔کوشین کو جلد علم ہوا کہ سن مائی ہوا کا تعلق اس علاقے سے نہیں اور طویل عرصے سے اپنے خاندان سے ملنے کی خواہش ظاہر کرتی رہی ہیں۔ذہنی طور پر مسائل کا سامنا کرنے کے باوجود سن مائی ہوا تجارتی اصطلاحات کو دہرانے اور درست طریقے سے لکھنے کی حیران کن صلاحیت کی مالک ہیں۔وہ اپنا نام بھی لکھ سکتی ہیں اور مزید 2 نام جن کے بارے میں لوگوں کا ماننا تھا کہ خاتون کے رشتے داروں کے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ بیجنگ کے متعدد علاقوں کو بھی شناخت کرنے میں کامیاب رہیں۔ایک مضمون میں دعوی کیا گیا کہ خاتون کی پیدائش 1968 میں بیجنگ میں ہوئی اور ایک بااثر خاندان سے تعلق رکھتی تھیں جبکہ انگلش بولنے کے ساتھ ساتھ رقص میں بھی مہارت رکھتی تھیں۔ان دعوں کی تصدیق تو نہیں ہوسکی مگر یہ مانا جاتا ہے کہ وہ 2000 میں غائب ہوگئی تھیں اور خاندان کی جانب سے برسوں تک انہیں تلاش کیا گیا خاتون کا خاندان سے رابطہ ٹوٹ گیا اور وہ شان ڈونگ میں رہنے لگیں۔کوشین نے خاتون کے ڈی این اے ٹیسٹ کا انتظام کرایا اور اس کے نتیجے میں سن مائی ہوا کے بڑے بھائی کو بیجنگ میں ڈھونڈ لیا گیا۔اس طرح یہ خاتون اپنے خاندان سے دوبارہ ملنے میں کامیاب ہوگئیں ان کے والدین کا انتقال ہوچکا ہے جبکہ ایک بڑی بہن امریکا میں مقیم ہے۔یہ ابھی تک واضح نہیں کہ خاتون کا کیس ہیومین ٹریفکنگ کا ہے یا وہ بیجنگ سے کیسے غائب ہوئیں۔







