چائنہ کلچرل سنٹر اسلام آباد کی مشیر بائی جی اور پاک چائنہ کلچرل اینڈ ویلفیئر آرگنائزیشن کے ڈائریکٹرچن تیان تانگ نے پشاور میں قائم چائنہ ونڈو کا دورہ کیا اور چینی ثقافت کے فروغ، پاک چین دوستی کو مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھانے کے لئے ادارے کی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں سراہا۔دورے کے موقع پر چینی مہمانوں نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریوں کا معائنہ کیا جبکہ انہیں ادارے کی ثقافتی، تعلیمی اور عوامی سفارت کاری سے متعلق سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے خصوصا ان پروگراموں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جن کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو چینی ثقافت، زبان، تاریخ اور پاکستان و چین کی دیرینہ دوستی سے روشناس کرانا ہے۔

بائی جی اور چن تیان تانگ نے چائنہ ونڈو کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا میں ثقافتی روابط اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے چائنہ ونڈو ایک مؤثرپلیٹ فارم کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے پاکستان اور چین کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور دونوں ممالک کے مضبوط ریاستی تعلقات کو عوامی سطح پر مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔دورہ کے دوران پاکستان اور چین کے شہریوں کے درمیان باہمی ثقافتی وفود کے تبادلوںکی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی مہمانوں نے اس تجویز کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عام شہریوں، طلبہ، پیشہ ور افراد، ثقافتی نمائندوں اور سول سوسائٹی کے اراکین کے براہِ راست روابط باہمی اعتماد، ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے اور دیرپا دوستی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

چائنہ ونڈو نے اس سلسلے میں پہلا عملی قدم اٹھانے کی پیشکش کرتے ہوئے چین سے ایک وفد کو پاکستان مدعو کرنے کی تجویز پیش کی۔مجوزہ دورے کے دوران چینی وفد کو پاکستانی طلبہ، ماہرین تعلیم، پیشہ ور افراد، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے ملاقاتوں کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مہمانوں کو پاکستان کے تاریخی، ثقافتی اور سیاحتی مقامات کی سیر کرائی جائے گی تاکہ وہ پاکستانی معاشرے، ثقافت اور روایتی مہمان نوازی کا براہِ راست مشاہدہ کر سکیں۔

دونوں جانب سے اس یقین کا اظہار کیا گیا کہ اس نوعیت کے باقاعدہ تبادلہ پروگرام تعلیم، ثقافت، نوجوانوں کے روابط اور عوامی سفارت کاری کے شعبوں میں تعاون کے نئے دروازے کھول سکتے ہیں۔بائی جی اور چن تیان تانگ نے چائنہ ونڈو کی تجویز کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مشترکہ ثقافتی سرگرمیاں اور باہمی وفود کے دورے پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان بہتر تفہیم، اعتماد اور دوستی کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے







