ٹرمپ آبنائے ہرمز کے بغیر جنگ ختم کرنے پر آمادہ

امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے قریبی مشیروں سے کہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف امریکی فوجی مہم کو ختم کرنے پر آمادہ ہیں، چاہے آبنائے ہرمز بڑی حد تک بند ہی کیوں نہ رہے۔دوسری جانب وائٹ ہائوس نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ 6 اپریل سے پہلے ڈیل چاہتے ہیں، اس جنگ کے اخراجات عرب ممالک ادا کریں۔ وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ اس اہم آبی گزرگاہ پر تہران کا کنٹرول برقرار رہے، اور اسے دوبارہ کھولنے کا پیچیدہ کام بعد کے لیے چھوڑ دیا جائے۔حالیہ دنوں میں ٹرمپ اور ان کی ٹیم نے اندازہ لگایا کہ اس اہم راستے کو زبردستی کھولنے کی کارروائی جنگ کو ان کے مقررہ چار سے چھ ہفتوں کے ٹائم فریم سے آگے لے جائے گی۔امریکی اخبار کے مطابق اسی لیے انہوں نے فیصلہ کیا کہ امریکہ کو اپنے بنیادی اہداف حاصل کرنے چاہئیں، جن میں ایران کی بحریہ کو کمزور کرنا اور اس کے میزائل ذخائر کو نقصان پہنچانا شامل ہے، اور پھر موجودہ لڑائی کو ختم کرتے ہوئے سفارتی دبا ئوکے ذریعے تہران کو تجارت کی آزادانہ روانی بحال کرنے پر مجبور کیا جائے۔حکام کا کہنا ہے کہ اگر یہ حکمت عملی ناکام ہوتی ہے، تو واشنگٹن یورپ اور خلیجی اتحادیوں پر زور دے گا کہ وہ اس آبی گزرگاہ کو دوبارہ کھولنے میں مرکزی کردار ادا کریں۔ دوسری جانب وائٹ ہائو س کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ6 اپریل کی ڈیڈ لائن سے قبل ڈیل چاہتے ہیں، ایران جنگ سے متعلق4سے6 ہفتوں کی ٹائم لائن برقرار ہے، ایران امریکا یا اتحادیوں کو دھمکیاں نہیں دے سکتا۔کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ ایران جنگ سے متعلق اچھی بات چیت جاری ہے، تہران نے امریکا کی کچھ تجاویز سے اتفاق کیا ہے، ایران نے جو کہا اسے جانچا جائے گا، ٹرمپ چاہتے ہیں کہ عرب ممالک جنگی اخراجات میں حصہ ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز کا ٹول ٹیکس لینے کی حمایت نہیں کرتا، واشنگٹن سے جھوٹ بولنے والے کچھ ایرانی رہنما دنیا میں نہیں رہے، انہوں نے امریکا کو مذاکرات میں گھیر لیا تھا، یہ صدر ٹرمپ کیلئے ناقابل قبول تھا۔ادھر امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کے ترجمان کا کہنا ہے وزیرجنگ پیٹ ہیگسیتھ کی جانب سے جنگ سے قبل سرمایہ کاری کی خبرٹھیک نہیں ہے۔ پینٹاگون کے ترجمان شان پارنل کے مطابق خبرمیں کیے گئے دعوے حقائق پر مبنی نہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں،،یہ الزام سراسر جھوٹا اور من گھڑت ہے،ایسی غیر مصدقہ رپورٹس عوام کو گمراہ کرنے کا باعث بنتی ہیں، اس لیے خبر فوری طور پر واپس لی جانی چاہیے۔ برطانوی اخبار نے امریکی وزیرجنگ سے متعلق جنگ سے قبل سرمایہ کاری کی خبرشائع کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پیٹ ہیگسیتھ کے بروکر نے ملٹی ملین ڈالرسرمایہ کاری کی کوشش کی تھی۔ برطانوی اخبار کے مطابق فنڈ دستیاب نہ ہونے پر ڈیل نہ ہو سکی، تاہم پینٹاگون ترجمان نے خبر کو غلط قرار دیتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed