عیدالفطر کے تیسرے روز بھی ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا میں گہما گہمی ، شہریوں نے بھرپور جوش و خروش سے عید منائی اورتیسرے دن بھی مختلف تقریبات و ملن پارٹیوں کا سلسلہ جاری رہا، شہری سیر و تفریح، دعوتوں اور میل ملاقاتوں میں مصروف رہے جبکہ تفریحی مقامات پر گہما گہمی عروج پر ہے۔ضلع مالاکنڈ میں جابجا عید کے میلے لگ چکے ہیں، اور بڑی تعداد میں بچے اور بڑے ان تفریحی مقامات سے لطف اندوز ہونے کیلئے نکل کھڑے ہوئے ہیں، عید کے تیسری دن بھی رش نہ تھم سکا۔خیبرپختونخوا کے صوبائِی دارالحکومت پشاور سمیت صوبہ کے تمام سیاحتی مقامات پر لوگوں کا رش تیسرے روز بھی جاری رہا، چاہے سوات ہو یا کالام، تمام بالائی علاقوں میں ملک بھر سے سیاح امڈ آئے ہیں، اور موسم کے ساتھ ساتھ عید کی خوشیاں بھی نجوائے کر رہے ہیں۔ چارسدہ، صوابی، مردان اور دیگر اضلاع میں گزشتہ روز بھی کافی رش رہا اور لوگوں نے جم کر تفریح کی، تاہم عید کے تیسرے روز بھی خیبرپختونخوا میں گہما گہمی برقرار رہی.ضلع نوشہرہ میں بھی عید کا تیسرا دن خاصا گرم رہا، شہریوں نے پارکوں کا رخ کیا، اور بچے جوان اور فیملیز نے پارکوں میں خوب انجوائے کیا، بچے جھولوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ، بچے تو گرمی ختم کرنے کیلے پارک میں موجود واٹر پارک میں بھی کود پڑے ہیں، بچوں کا کہنا ہے آج بھی خوب ہلہ گلہ کرینگے اور عید کی خوشیاں دوبالا کرینگے.خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقام سوات میں بھی دیگر اضلاع کی طرح عید کے تیسرے روز بھی سیاحتی مقامات پر رش برقرار رہا، بڑی تعداد میں سیاحوں نے مختلف علاقوں کا رخ کیا ، دریائے سوات کے کنارے سیاحوں نے ڈیرے جما لئے، اس دوران سیاح گرمی سے بچاو کیلئے ٹھنڈے پانی سے بھی لطف اندوز ہونے لگے ہیں.عید کے اس پرمستر موقع پر مقامی و دیگر علاقوں سے آئے ہوئے سیاح پکنک منانے میں تاحال مصروف ہیں، جا بجا ٹولیوں کی شکل میںموجود سیاح عید پارٹیوں کے ساتھ ساتھ موسم سے بھی محظوظ ہونے لگے ہیں، سیاح اپنے ساتھ کھانے پینے کا سامان بھی لائے ہیں، جبکہ وہاں موجود دکانوں سے الگ سے خریداری کی جا رہی ہے.







