پردہ باغ شاہی باغ کے علاقے میں کمسن بچی کی تلاش کے لیے جاری ریسکیو آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا، جہاں ریسکیو1122 کی ٹیموں نے بچی کا جسد خاکی نادرن بائی پاس کے مقام ہندکو دامان سے نکال لیا۔ترجمان ریسکیو1122 کے مطابق بچی کی تلاش کے لیے شروع کیا گیا سرچ آپریشن کئی گھنٹوں تک جاری رہا، جس میں 50 سے زائد ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران خصوصی غوطہ خور ٹیموں نے پیچیدہ اور مشکل انڈر گرانڈ نکاسی آب کے نظام میں پیشہ وارانہ انداز میں تلاش کا عمل جاری رکھا۔ترجمان کے مطابق تمام تر مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود ریسکیو ٹیموں نے بھرپور محنت اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپریشن کو کامیابی سے مکمل کیا اور بچی کی لاش بازیاب کر لی۔ریسکیو1122 کے ڈائریکٹر جنرل نے بھی اس حساس اور اہم آپریشن کی خود نگرانی کی، جبکہ اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی جبکہ اہلِ علاقہ نے ریسکیو ٹیموں کی پیشہ وارانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔







