خیبر پختونخوا میں بروقت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے درخواست پشاور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی۔درخواست لوکل کونسل ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں الیکشن کمیشن، صوبائی حکومت اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی مدت رواں ماہ مارچ میں مکمل ہو جائے گی اور قانون کے مطابق حکومت 120 دن کے اندر نئے بلدیاتی انتخابات کروانے کی پابند ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر مدت ختم ہونے کے بعد بر وقت انتخابات نہ ہوئے تو صوبے میں آئینی خلا پیدا ہو سکتا ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کو بروقت انتخابات کروانے کے احکامات جاری کرے اور صوبائی حکومت کو ہدایات دی جائیں کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔درخواست میں یہ بھی موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت صوبے میں بروقت بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کے لیے فریقین کو مناسب احکامات جاری کرے۔







