وفاقی محتسب سیکرٹریٹ سوات کے زیراہتمام عوامی آگاہی مہم کے سلسلے میں ضلع ملاکنڈ کے علاقہ سخاکوٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ تقریب وفاقی محتسب کے ملاکنڈ ڈویژن کے حکام کی نگرانی میں منعقد ہوئی، جس میں محمد مشتاق جدون، ریجنل ہیڈ پشاور، اور ثناءاللہ خان، ریجنل ہیڈ سوات اور اسسٹنٹ کمشنرمحمد شہباز خان نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف وفاقی، ضلعی و صوبائی محکموں کے نمائندگان اور مقامی عمائدین بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے اپنے مختلف مسائل، شکایات اور سرکاری اداروں میں بدعنوانی سے متعلق درخواستیں پیش کیں۔ ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب نے موقع پر متعدد شکایات سنیں اور عوام کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ ایڈوائزر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوامی خدمت کے لیے قائم ہے۔ شہری بلا خوف و خطر بدعنوانی، ناانصافی یا تاخیر کے خلاف اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ انصاف کی بروقت فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ اور انصاف کے حصول کے لیے وفاقی و صوبائی محتسب کے نظام سے بھرپور استفادہ کریں تاکہ انصاف کی فراہمی نچلی سطح تک ممکن ہو سکے۔ اجلاس کے اختتام پر عوام کو آگاہ کیا گیا کہ وفاقی محتسب کا دفتر ہر شہری کے لیے کھلا ہے، جہاں شکایات کا ازالہ بلا معاوضہ اور شفاف طریقے سے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وفاقی اداروں میں بدانتظامی کی شکایات براہِ راست وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس، سوات یا واٹس ایپ نمبر 03108147718 پر درج کرائیں







