خیبرپختونخوا پولیس کو چینی زبان سکھانے کیلئے پروگرام مرتب

سینٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں سپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) خیبر پختونخوا پولیس اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط ہوئے۔ کمانڈنٹ ایس ایس یو ڈی آئی جی غلام مبشر میکن اور ریجنل ڈائریکٹر نمل یونیورسٹی پشاور کیمپس بریگیڈیئر (ر) طارق علی نے مفاہمتی یادداشت پرباقاعدہ دستخط کئے۔ معاہدے کا بنیادی مقصد ایس ایس یو پولیس اہلکاروں کو چینی زبان سکھانے کی عملی تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ صوبے میں مقیم چینی باشندوں اور مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی ماہرین کے ساتھ مؤثر اور براہِ راست گفت و شنید کو ممکن بنایا جا سکے۔ اس اقدام سے دونوں کے مابین نہ صرف باہمی رابطہ مضبوط ہوگا بلکہ سیکیورٹی سے متعلق معاملات میں درپیش زبان کی رکاوٹ بھی دور ہوگی۔واضح رہے کہ صوبے میں پاک چائینہ راہداری سمیت مختلف بڑے بڑے منصوبوں پر کثیر تعداد میں چائنیز انجینئرز/ماہرین اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جنکی حفاظت کے لیے بڑے پیمانے پر پولیس اہلکاران نہایت اہم ذمہ داریاں نبھانے کے لیے تعینات ہیں۔ تفاہم کی کمی دور کرنے کے لیے یہ معاہدہ وقت کی اہم ضرورت بن چکا تھا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی خصوصی دلچسپی کی بدولت اس اہم اقدام کو عملی شکل دی گئی۔ آئی جی پی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں بین الاقوامی منصوبوں اور غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کے پیش نظر اہلکاروں کے غیر ملکی زبانیں بولنے کی مہارت میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی زبان کی تربیت سے ایس ایس یو اہلکار چینی شہریوں کی ضروریات اور درپیش مسائل بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے تاکہ انہیں فوری اور مؤثر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔آئی جی پی ذوالفقار حمید نے اس اقدام کو پولیس فورس کی استعداد کار میں اضافے کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے سیکیورٹی انتظامات مزید بہتر ہوں گے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت نمل یونیورسٹی ایس ایس یو اہلکاروں کو چینی زبان کے بنیادی رموز کے کورسز کروائے گی جبکہ مستقبل میں اسی طرح کے تربیتی پروگراموں کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ یہ اقدام خیبر پختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ بہتری، جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق خدمات کی فراہمی کے عزم کا مظہر ہے۔تقریب کے اختتام پر انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے نمل یونیورسٹی پشاور کیمپس کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) طارق علی کو خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے اعزازی شیلڈ بھی دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed