پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے ڈسپلن کی خلاف ورزی پر گریڈ 20 کے دو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ججز کو ملازمت سے فارغ کردیا جبکہ گریڈ 21 کے ایک سیشن جج نے قبل ازوقت ریٹائرمنٹ لے لی ہے جس پر ہائیکورٹ نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواست منظور کرلی ۔گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مدثر شاہ ترمذی اور ایڈیشنل سیشن جج شیخ افضل احمد کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر انکوائری کی گئی اور شوکاز نوٹس جاری کیا گیا جس کا وہ تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔ اس ضمن میں انکوائری مکمل ہونے پر گزشتہ روز دونوں جوڈیشل افسران کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا اسی طرح گریڈ 21 کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حافظ نسیم اکبر کے خلاف محکمانہ انکوائری کی گئی تاہم انہوں نے اس ضمن میں قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواست دی جس کو ہائیکورٹ نے منظور کرلیا اور 55 سالہ ملازمت کے بعد اسے ریٹائرڈ کردیا گیا۔







