صوبائی حکومت نے کیلاش ویلی کیلئے انڈوومنٹ فنڈ قائم کر دیا ہے صوبائی اسمبلی کی منظوری کے بعد فنانس ڈیپارٹمنٹ نے بھی منظوری دیدی ہے چار ہزار سے زائد آبادی کیلئے انڈوومنٹ فنڈ کے رولز بھی جار ی کر دیئے گئے ہیں جس کے تحت کیلاش برادری میں فوتگی کی صورت میں حکومت کی جانب سے مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ انڈومنٹ فنڈ کی ابتدائی مالیت 10 کروڑ روپے رکھی گئی ہے، جس کی نگرانی متعلقہ ڈپٹی کمشنر کریں گے، جبکہ خواتین سمیت کیلاش برادری کے نمائندے بھی اس فنڈ کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ اس فنڈ کے قیام کا بنیادی مقصد کیلاش برادری جیسے نایاب ثقافتی ورثے کے حامل افراد کی مالی معاونت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے، بالخصوص فوتگی کے موقع پر آنے والے بھاری اخراجات میں ان کا بوجھ کم کرنا ہے۔ حکومت نے انڈومنٹ فنڈ کی رقم کو مستقبل میں 10 کروڑ سے بڑھا کر 20 کروڑ روپے تک کرنے کا وعدہ بھی کیا ہے، جس سے تعلیم، سماجی بہبود اور معاشی خودمختاری کے مختلف منصوبوں میں کیلاش برادری کی مدد کی جائے گی۔نئے قانون کے مطابق انڈومنٹ فنڈ سے مالی مدد کے حصول کے لیے درخواست دی جائے گی، جس پر متعلقہ کمیٹی اجلاس بلا کر درخواست کا جائزہ لے گی اور منظور ہونے کی صورت میں رقم جاری کی جائے گی۔واضح رہے کہ کیلاش برادری ضلع چترال کی تین وادیوں بمبوریت، بریر اور ریمبور میں آباد ہے، اور خیبر پختونخوا حکومت کے سروے کے مطابق کیلاش کی آبادی تقریبا 4 ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔







