پشاور میں موسم ابر آلود ہوگیا ہے جبکہ شہر اور گرد و نواح میں گہرے بادلوں سے بارش شروع ہوگئی، جس کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔
جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر، شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں برف باری شروع ہوگئی۔ جنوبی وزیرستان اپر کے علاقوں لدھا، مکین شوال، بدر اور کاروان مانزہ میں برفباری جاری ہے۔
شمالی وزیرستان کے رزمک و دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری جاری ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق برفباری اور بارشوں کا یہ اسپیل شدید سے شدید ترین ہو سکتا ہے، شہریوں کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایات کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑی و بالائی علاقوں میں 23 جنوری تک برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال بالائی و زیریں، دیر بالائی و زیریں، باجوڑ، ملاکنڈ، سوات اور بونیر میں اکثر مقامات پر بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ اسی طرح شانگلہ، کوہستان بالائی و زیریں، کولئی پالس، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔







