رپورٹ: جنید خالد
ڈبلیو ڈبلیو ای کے تجربہ کار اسٹار جان سینا نے بوسٹن کے ٹی ڈی گارڈن میں منڈے نائٹ را کے مرکزی مقابلے میں ڈومینِک مسٹیریو کو شکست دے کر انٹرکانٹینینٹل چیمپیئن شپ اپنے نام کی اور گرینڈ سلیم چیمپیئن کا اعزاز حاصل کرلیا۔اس فتح کے ساتھ سینا نے ڈبلیو ڈبلیو ای کی تمام فعال چیمپئن شپس کا مکمل مجموعہ حاصل کرلیا ہے، جو بہت کم ریسلرز کے حصے میں آیا ہے۔ یہ مقابلہ سینا کے ریٹائرمنٹ ٹور کا حصہ تھا، جس کا آخری مقابلہ دسمبر میں شیڈول ریسل مینیا 42 میں ہوگا۔ٹی ڈی گارڈن شائقین سے لبالب بھرا ہوا تھا، جہاں مداحوں نے جوش و خروش اور تالیاں بجا کر سینا کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ مقابلے کے دوران، 16 مرتبہ عالمی چیمپیئن رہنے والے سینا نے مسٹیریو کی حکمت عملی کو ناکام بنا کر فیصلہ کن برتری حاصل کی اور پہلی بار انٹرکانٹینٹل چیمپیئن شپ اپنے نام کرلی۔اپنے 25 سالہ کیرئیر میں سینا متعدد بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپیئن شپ، امریکی چیمپیئن شپ اور ٹیگ ٹیم چیمپیئن شپ جیت چکے ہیں، جبکہ انٹرکانٹینینٹل چیمپیئن شپ کو ان کے اعزازات میں کمی تصور کیا جاتا تھا۔مقابلے کے بعد سینا نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس کامیابی کو اپنے الوداعی سفر کا اہم سنگِ میل قرار دیا۔ ڈبلیو ڈبلیو ای کے حکام اور دیگر اسٹارز نے بھی سینا کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔اس کامیابی کے ساتھ جان سینا ڈبلیو ڈبلیو ای کے ان چند ریسلرز میں شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے گرینڈ سلیم چیمپیئن کا اعزاز حاصل کیا ہے، جو انہیں کمپنی کی تاریخ کے کامیاب ترین فنکاروں کی صف میں مزید مضبوطی سے کھڑا کرتا ہے۔







