ڈیرہ جات فیسٹول کے تیسرے روز بھی سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام مختلف ایونٹس کے مقابلے جاری
ڈیرہ جات فیسٹول کے تیسرے روز بھی سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام مختلف ایونٹس کے مقابلے جاری ہیں جن میں نیزہ بازی مقابلے،ٹینٹ پیکنگ، کشتی، کبڈی، سٹون لفٹنگ، سیک لفٹنگ، وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پالتو جانوروں کی نمائش(پیٹ شو)بھی جاری ہے۔ اس موقع پرتحصیل مئیر عمر امین خان گنڈاپور سمیت محکمہ سپورٹس کے افسران و اہلکار،ڈائریکٹر آپریشن سپورٹس جمشید بلوچ،ریجنل سپورٹس آفیسر رضی اللہ خان، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فیصل حبیب موجود رہے جبکہ عوام کی کثیر تعداد بھی شریک رہی۔ نیزہ بازی میں آل پاکستان سے150سے زائد رائیڈر کلب اپنے جوہر کا مظاہرہ کر چکے ہیں،
گھڑسواروں کے درمیان مقابلے رتہ کلاچی سٹیڈیم ڈی آئی خان میں جاری ہیں۔ اسی طرح کشتی، دودا، کبڈی کے سنسی خیز اور دلچسپ مقابلے بھی جاری ہیں۔ کوڈی کے ایونٹ میں چودھوان سے تعلق رکھنے والے اسلم پہلوان نے نمایاں کاکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ کیپٹن سنجے،خیرا، پٹک، اسرار، رفیق پہلوانوں نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی جس سے عوام میں جوش و ولولہ قابل دید تھی۔ کبڈی مقابلوں میں پنجاب اور اور خیبر پختونخوا کے پہلوا نوں کے مابین مقابلے منعقد کیے گئے، سٹون لفٹنگ میں 122کلو وزن اٹھایا گیا جبکہ سیک لفٹنگ میں 500کلو کیٹگری کو شامل کیا گیا ہے۔
رسی کشی کے مقابلوں میں 100سے زائد پہلوانوں پر مشتمل 44جوڑ ترتیب دیے گئے ہیں۔کشتی کے مقابلوں میں رستم ایشیا ورلڈ چیمپیئن انعام بٹ بمقابلہ پٹھا بھولا سہ پہر 3بجے منعقد کیا جائے گا جبکہ فخر پاکستان آصف موچی بمقابلہ فخر بہاولپور رستم باسط ماڑا بھی منعقد ہو گا۔ڈیرہ جات فیسٹول جو کہ تاریخی ثقافتی میلہ ہے کو کامیاب بنانے کیلئے میڈیا کوریج کی بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ میڈیکل کیمپ و دوسرے تمام سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔تاریخی ڈیرہ جات میلے میں عوام کی تفریح کیلئے مختلف معلوماتی سٹالز اور کھانے پینے کے سٹالز لگائے گئے ہیں۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی فیصل امین اور مئیر ڈیرہ اسماعیل خان عمر امین خان گنڈہ پور تمام انتظامات اور جاری کھیلوں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کھیلوں کی شفافیت اور جوش و خروش برقرار رہے۔ میلے میں تفریحی مقابلوں سے عوام لطف انداز ہونے کیلئے عوام کی کثیر تعداد شرکت کیلئے متواتر آرہی ہے۔ واضح رہے کہ ڈیرہ جات ثقافتی میلہ کئی سالوں سے ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقد ہو رہا ہے جس سے بالعموم پورے پاکستان سے اور بالخصوص ڈیرہ اسماعیل،ڈیرہ غازی خان، بھکر، دریا خان کے اضلاع کی عوام کو تفریح ملتی ہے