وزیراعلی کے پی علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے خصوصی ملاقات ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی۔ اس دوران اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات رہے، بیرونی حصہ پر اضافی نفری تعینات رہی۔
علی امین گنڈا پور ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصے کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملے ہیں اور یہ ملاقات کانفرنس روم میں ہوئی۔
ملاقات میں خیبر پختونخوا کے انتظامی امور، سیاسی معاملات، اور گزشتہ روز اعظم سواتی کے بانی سے ملاقات میں اٹھائے گئے پارٹی عہدوں کی تقرریوں سے متعلق تحفظات، کے پی، بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی جبکہ بانی پی ٹی آئی نے وزیر اعلی کو مختلف ہدایات بھی جاری کیں۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر سیف علی امین گنڈا پور کے ہمراہ ان کی گاڑی میں اڈیالہ جیل پہنچے تھے، اس ملاقات میں بشری بی بی شامل نہیں تھیں بعدازاں علی امین گنڈا پور اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور کی آج کی ملاقات گزشتہ روز کی گئی اعظم سواتی کی ملاقات کا تسلسل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کی ملاقات میں گزشتہ روز دی گئی ہدایات کے حوالے سے مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی نے اسپیکر کے پی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا پیغام دیا تھا۔