پشاور سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی ارشد عزیز ملک کو ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔ اعزازات تقسیم کرنے کی تقریب پشاور کے گورنر ہاس میں منعقد ہوئی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے ممتاز صحافی اور پشاور پریس کلب کے سابق صدر ارشد عزیز ملک کو تمغہ امتیاز سے نوازا۔صدر مملکت کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر ارشد عزیز ملک کے لئے تمغہ امتیاز کا اعلان کیا گیا تھا۔
ارشد عزیز ملک کا شمار پاکستان کے صف اول کے صحافیوں میں ہوتا ہے۔انہوں نے شعبہ صحافت میں تحقیقاتی رپورٹنگ کے ذریعہ حقائق کو احسن طور عوام تک پہنچانے میں قابل زکر کردار ادا کیا۔ارشد عزیز ملک نے پشاور یونی ورسٹی سے صحافت اور شعبہ بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز ڈگری حاصل کرنے کے بعد عملی صحافت کا آغاز 1991 میں روزنامہ مشرق سے کیا۔ وہ 1994 سے2013 تک روزنامہ آج سے وابستہ رہے اور دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ تک پشاور کے اس مقبول روزنامہ میں خدمات انجام دیں۔
2014 سے انہوں نے قومی اخبار روزنامہ جنگ جوائن کیا۔ان کی وجہ شہرت خیبر پختون خوا میں تحقیقاتی رپورٹنگ تھی۔ انہوں نے ایک ہزار سے زیادہ تحقیقاتی خبریں فائل کیں جن میں انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی بے قاعدگیوں، اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے، بدعنوانی اور فراڈ سے متعلق اپنے قارئین کو آگاہ کیا۔ارشد عزیز ملک نے ملک میں آئین و قانون کی بالادستی انصاف اور جمہوریت کی ترقی کے لئے اپنی بہترین پیشہ وارانہ خدمات انجام دیں۔ارشد عزیز ملک دو برس تک صحافیوں کی نمائندہ تنظیم خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر رہے۔اس دوران انہوں نے صحافیوں کی استعداد کار بہتر بنانے، ان کی ملازمتوں کو ویج بورڈ سے منسلک کرنے اور صحت عامہ کے شعبے میں مفت سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے قابل زکر کردار ادا کیا۔
ان کے دور صدارت میں پشاور کے تین سو سے زیادہ صحافیوں نے ہیلتھ انشورنس کی سہولت سے فائدہ اٹھایا۔ارشد عزیز ملک نے پشاور پریس کلب کے صدر کی حیثیت سے پشاور کے صحافتی برادری کے لئے غیر معمولی فلاحی خدمات انجام دیں۔انہوں نے خیبر کے نام سے میگزین بھی شائع کیا جو صحافتی برادری کا ترجمان میگزین تھا۔چار دہائیوں پر مشتمل اپنے صحافتی کیرئیر کے دوران انہوں نے زندگی کے مختلف موضوعات پر تربیتی پروگراموں کے دوران لیکچرز بھی دئیے۔
ایک زمہ دار صحافی کی حیثیت سے جہاں انہوں نے معاشرے کی برائیوں کواجاگر کیا وہیں پاکستان کا سافٹ امیج بھی دنیا بھر میں روشناس کروانے میں اپنا مثبت کردار ادا کیا۔ شعبہ صحافت میں نمایاں خدمات کی انجام دہی پر انہیں پاکستان اور بیرون ملک متعدد ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔ واضح رہے کہ خبر پختون خوا کی صحافتی تاریخ یہ پہلا موقع ہے کہ جب دو بھائیوں نے تمغہ امتیاز حاصل کیا قبل ازیں گذشتہ برس سینئیر صحافی امجد عزیز ملک کو صدارتی تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا