خیبر پختون خوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری اور ملک سعد سپورٹس ٹرسٹ کے کوآرڈی نیٹر نسیم جاوید مفتی طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے۔
خیبر پختون خوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری اور ملک سعد سپورٹس ٹرسٹ کے کوآرڈی نیٹر نسیم جاوید مفتی طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے۔ان کی نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم نسیم جاوید مفتی کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
مرحوم این جے مفتی کے نام سے جانے جاتے تھے۔انہوں نے خیبر پختونخوا میں صوبائی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اور ایسوسی ایشن کے بانی رکن کے طور پر سائیکلنگ کے فروغ میں قابل زکر کردار ادا کیا۔ کھیلوں کے لئے ان کی لگن، خاص طور پر ملک سعد اسپورٹس ٹرسٹ کے کوآرڈی نیٹر کی حیثیت سے انہوں نے صوبے بھر میں کھیلوں کی ترقی و فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے یادگار خدمات انجام دیں۔
خیبرپختونخوا میں سائیکلنگ کے بانی اور کھیلوں کے معروف منتظم این جے مفتی (نسیم جاوید مفتی) کے انتقال پر کھیلوں کے حلقوں، تعلیمی اداروں اور صحافتی برادری میں گہرا رنج و غم پایا جا رہا ہے۔ ان کی وفات کے بعد ملک بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، جن میں مرحوم کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے صدر اور سابق وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے این جے مفتی کو کھیلوں کا ایک بابِ درخشاں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ این جے مفتی نے سائیکلنگ کے فروغ کے لیے جو بنیاد رکھی، وہ آنے والے وقتوں میں نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ بنے گی۔صدر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن و صدر ساوتھ ایشیاء سائیکلنگ کنفیڈریشن سید اظہر علی شاہ نے ملک سعد میموریل سپورٹس ٹرسٹ کے ضلعی کو آرڈی نیٹرز اور کھیلوں سے متعلق شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔
معروف سپورٹس آرگنائزر پرویز سعید میر نے اپنے بیان میں کہا کہ این جے مفتی کی وفات نہ صرف سائیکلنگ بلکہ مجموعی طور پر خیبرپختونخوا کے کھیلوں کا نقصان ہے۔ ارباب نصیر احمد، صدر صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن نے کہا کہ مرحوم نے کھیلوں میں اخلاقیات اور نظم و ضبط کو فروغ دیا اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں لگایا۔
اسلامیہ کالج پشاور کے ڈائریکٹر سپورٹس علی ہوتی نے کہا کہ این جے مفتی کا مشفقانہ رویہ، نظم و نسق اور کھلاڑیوں کے ساتھ خلوص ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دیر لوئر کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر حاجی روزمین نے مرحوم کی کھیلوں کے لیے خدمات کو ناقابلِ فراموش قرار دیا۔
بیڈمنٹن کوچ حیات اللہ اور سکواش کوچ محبوب خان نے کہا کہ این جے مفتی نے ہر کھیل کے فروغ میں اپنا کردار ادا کیا، وہ ایک ہمہ جہت شخصیت تھے جن کی کمی ایک طویل عرصے تک محسوس کی جائے گی۔