ساؤتھ افریقہ نے افغانستان کو ایک سو سات رنز سے شکست دے دی

 

ساؤتھ افریقہ نے افغانستان کو ایک سو سات رنز سے شکست دے دی۔

 

اسپورٹس رپورٹر: محمد سلیمان خان

 

 

 

ریان رکلٹن کی شاندار سنچری، جبکہ بووما، ڈوسن اور مارکرم کی نصف سنچریوں کی بدولت افغانستان کے لیے پہاڑ جیسا ہدف سر کرنا مشکل ہوگیا۔ ہدف کے تعاقب میں افغان بیٹنگ لائن نڈھال ہوگئی۔ پہلا شکار رحمن اللہ گرباز بنے، جنہیں نگیڈی نے سولہ کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کیا۔ رباڈا نے 38 کے مجموعی اسکور  پر ابراہیم زادران کو بولڈ کیا، جبکہ 50 کے اسکور پر جینسن نے صدیق اللہ اتل کو رن آؤٹ کیا۔ افغان بیٹنگ مکمل طور پر ناکام نظر آئی اور شائقین سکتہ میں آگئے، مگر وہ اپنے کھلاڑیوں کی مسلسل حوصلہ افزائی کرتے رہے۔حشمت اللہ شاہدی صفر پر مولڈر کی گیند پر

بووما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ رحمت شاہ نے مزاحمت کی اور نو چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 90 رنز بنائے، مگر دوسرے بیٹرز ساتھ نہ دے سکے اور افغانستان کی ٹیم 43.3 اوورز میں 208 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ساؤتھ افریقہ کی جانب سے کگیسو رباڈا نے 8.3 اوورز میں 36 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نگیڈی اور مولڈر نے دو دو، اور مہاراج و جینسن نے ایک ایک وکٹ لی۔

اس سے قبل نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں ساؤتھ افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتدا میں نقصان اٹھانا پڑا جب ٹونی زی زورزی کو محمد نبی نے عظمت اللہ عمرزی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا، پہلی وکٹ 28 رنز پر گری۔ تاہم، ریان رکلٹن اور بووما نے رنز کی رفتار کو برقرار رکھا۔ رکلٹن نے 48 گیندوں پر 50 رنز مکمل کیے، جن میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ آسمان بادلوں سے ڈھکا ہوا تھا، جبکہ 15 اوورز کے اختتام پر ساؤتھ افریقہ نے 83 رنز بنائے تھے، ایک وکٹ کے نقصان پر۔

بیسویں اوور میں ٹیم نے 100 رنز مکمل کیے، بووما نے 63 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، جس میں چار چوکے شامل تھے۔ 25 اوورز کے بعد ساؤتھ افریقہ کا اسکور 136/1 تھا۔ محمد نبی نے بووما کو 58 رنز پر آؤٹ کیا، ان کا کیچ صدیق اللہ اتل نے لیا۔ دوسری وکٹ 157 رنز پر گری، جب ریان رکلٹن 107 رنز بنا کر راشد خان کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں سات چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

تیسری وکٹ 201 کے مجموعے پر گری، جب راسی وین ڈیر ڈوسن 57 رنز بنا کر نور محمد کی گیند پر حشمت اللہ شاہدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 248 کے مجموعے پر ساؤتھ افریقہ کا پلڑا بھاری ہوچکا تھا۔ ڈیود ملر صرف 14 رنز بنا سکے اور 298 کے اسکور پر فضل فاروقی کی گیند پر رحمت شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ مارکو جینسن صفر پر بولڈ ہوئے، عظمت اللہ نے وکٹ حاصل کی۔

ایڈم مارکرم نے 36 گیندوں پر 52 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں چھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ افغانستان نے ناقص فیلڈنگ کی اور 13 رنز وائڈ کے طور پر دیے۔ ساؤتھ افریقہ نے آخر تک اننگز پر گرفت برقرار رکھی اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے۔ افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed

ای پیپر