واشنگٹن: وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ٹرمپ دور میں پاک امریکا تعلقات کا نیا باب شروع ہو گا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے دورہ امریکا کے دوران واشنگٹن کی لنکن لبرٹی ہال میں خصوصی عشائیے میں شرکت کی جہاں ان کی امریکی سینیٹرز، ممبرزکانگریس اور دیگر اہم شخصیات سےملاقاتیں ہوئیں۔
محسن نقوی نے سینیٹرٹومی ٹیوبرویل، ممبرکانگریس کین کلورٹ، سابق برطانوی وزیراعظم لز ٹرس،گورنرمسی سپی فلپ برینٹ سے بھی ملاقاتیں کیں اور انہیں ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارت سنبھالنے پرمبارکباددی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی عوام صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے محبت کرتے ہیں، میں شاہد ہوں امریکی عوام نےٹرمپ کی صدارت کو زبردست طریقے سے منایا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، ٹرمپ دور میں پاک امریکا تعلقات کا نیا باب شروع ہو گا۔
واضح رہے ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز امریکا کے 47 ویں صدر کا حلف اٹھایا تھا۔