چینی نائب صدر ہان ژینگ نے امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف برداری سے قبل ارب پتی اور امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک سے ملاقات کی اور دونوںملکوں کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے امریکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرنے کا اعادہ کیا۔واشنگٹن میں چینی سفیر ژی فینگ کے مطابق امریکا کے اپنے سفر کا آغاز کرتے ہوئے ہان ژینگ نے نومنتخب امریکی ہم منصب جے ڈی وینس سے ملاقات کی اور دو طرفہ اور بین الاقوامی تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ہان ژینگ نے کہاکہ صدر شی جن پنگ اور اور ان کے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں اپنی فون کال کے دوران مستقبل میں چین امریکا تعلقات کے فروغ بارے بہت سے مشترکہ طور پر مفید نکات پر مفاہمت کا عندیہ دیا۔انہوںنے کہاکہ دونوں ملکوں کے سربراہان کی قیادت میں سفارتکاری کے ذریعے باہمی مفاد کے حامل مشترکہ نکات پر عمل درآمد سے دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔چینی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ ٹک ٹاک نے امریکہ کے روز گار کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کیا ہے ،امریکہ کے لوگ ٹک ٹاک کو بہت پسند کرتے ہیں۔چینی میڈیاکے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک امریکہ میں کئی سالوں سے موجود ہے اور یہ امریکی لوگوں کو بہت پسند ہے،اور اس نے امریکہ کے روز گار اور کھپت کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔ امید ہے کہ مختلف ممالک کے مارکیٹ کے کھلاڑیوں کے لئے امریکہ کی جانب سے کھلے پن ، عدل، انصاف اور غیر امتیازی سلوک کا کاروباری ماحول فراہم کیا جائے گا۔ ماؤ ننگ نے کہاکہ کاروباری اداروں کے آپریشن اور ملکیت کے حوالے سے فیصلہ مارکیٹ کے اصولوں کے مطابق خود اداروں کو کرنا چاہیے اگر چینی کمپنیاں اس میں شامل ہیں، تو یہ چینی قوانین اور ضوابط کے مطابق ہونا چاہیے۔وا ضح رہے کہ امریکہ میں ٹک ٹاک کو بحال کر دیا گیا ہے۔ تاہم نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کی جانب سے اس کمپنی کی 50 فیصد ملکیت کے معاہدے تک پہنچنے کی امید ظاہر کی ہے۔