شعیب جمیل
سول جج پشاور زاہد اللہ نے اسلامیہ کالج پشاور کی خیبر بازار میں پراپرٹی کی نئی نیلامی کے خلاف دائر درخواستوں پر درخواست گزاروں کی دوکانوں کی نیلامی روک دی ہے اور اسلامیہ کالج انتظامیہ سے جواب طلب کرلیا ہے ، گزشتہ روز جب عدالت نے درخواست پر سماعت شروع کی تو اس دوران درخواست گزاروں کے وکیل ستار خان نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزاروں کے پاس خیبر بازار میں اسلامیہ کالج کی ملکیتی 80 کے قریب دوکانیں ہیں، درخواست گزار پرانے کرایہ دار ہیں اب کالج انتظامیہ 22 جنوری کو نئی نیلامی کر رہی ہے، درخواست گزاروں کی دوکانوں کی حد تک نئی نیلامی روک دی جائے، عدالت نے درخواست گزاروں کی دکانوں کی نیلامی آئندہ سماعت تک روک دی جبکہ دیگر دوکانوں کی نیلامی کی اجازت دیدی عدالت نے اسلامی کالج انتظامیہ سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 30 جنوری تک ملتوی کردی۔