ڈکیتی کی کوشش کو روکنے کے دوران زخمی ہونے والے بالی وڈ اداکار سیف علی خان کی حالت کے بارے میں تازہ رپورٹ سامنے آگئی ہے۔
خیال رہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے کے قریب سیف علی خان کے ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع گھر (اپارٹمنٹ) میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنادیا۔
مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے انہیں 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جب کہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔
ممبئی پولیس کے اعلیٰ عہدیدار Gedam Dixit نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ اسپتال میں 54 سالہ اداکار کا علاج کیا گیا اور اب ان کی زندگی خطرے سے باہر ہے۔
اس سے قبل بھارتی میڈیا نے اسپتال حکام کے حوالے سے بتایا تھا کہ اداکار کی سرجری ہو رہی ہے اور اس کے مکمل ہونے پر علم ہوسکے گا کہ انہیں کتنا نقصان پہنچا ہے۔
سیف علی خان اس اپارٹمنٹ میں اپنی اہلیہ کرینہ کپور خان اور 2 بچوں کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔
کرینہ کپور کی ٹیم کی جانب سے جاری بیان میں ڈکیتی کی کوشش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ ‘اداکار اس وقت اسپتال میں زیرِ علاج ہیں جب کہ ان کی اہلیہ اور دونوں بچے محفوظ ہیں’۔
پولیس نے بتایا کہ ڈکیتی کی کوشش میں گھر میں موجود ایک خاتون ملازمہ پر بھی حملہ ہوا جس کا علاج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہے اور حملہ آور کو تلاش کیا جا رہا ہے۔
ابھی تک کسی مشتبہ شخص کی شناخت نہیں ہوسکی مگر پولیس کا خیال ہے کہ اداکار کے گھر میں سے کسی نے حملہ آور کو اندر داخل ہونے میں مدد فراہم کی۔
قبل ازیں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ تحقیقات کے دوران پولیس نے انکشاف کیا کہ مشتبہ شخص ملحقہ عمارت سے دیوار پھلانگ کر سیف اور کرینہ کے گھر کے احاطے میں داخل ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ممبئی پولیس خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے حملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔
بالی وڈ اسٹارز اور حزب اختلاف کے سیاستدانوں نے پولیس سے شہر میں سکیورٹی انتظامات کو بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
نینشل کانگریس پارٹی کے رہنما شرد پوار کے ترجمان نے کہا کہ ‘اگر اتنی اعلیٰ شخصیات پر سکیورٹی کے باوجود ان کے گھروں پر حملہ ہوتا ہے تو پھر عام افراد کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا؟’
ڈکیتی اور سیف پر حملے کے وقت کرینہ اور بچے کہاں تھے؟
سیف پر حملے کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں نےکرینہ اور سیف کے دونوں بیٹوں کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا تھا تاہم بعد ازاں بتایا گیا کہ کرینہ کپور اور دونوں بچے محفوظ ہیں۔
حملے کے وقت کرینہ اور ان کے دونوں بیٹے جے اور تیمور سیف علی خان کے ساتھ باندرا والے گھر میں ہی موجود تھے، البتہ اس سے قبل بدھ کی رات کرینہ اپنی بہن کرشمہ کپور کے گھر پر موجود تھیں۔