کان کنی میں کیمیکل کا استعمال ‘ معاملہ ہائیکورٹ پہنچ گیا

شعیب جمیل

ضلع کوہاٹ میں سونے کی کان کنی میں مرکری (کیمیکل)کے استعمال اور اس سے ماحول کو آلودہ کرنے کیخلاف پشاورہائیکورٹ سے رجوع کرلیا گیا ہے ۔اس ضمن میں پشاورہائیکورٹ میں سابق ایم پی اے امجد خان آفریدی وکوہاٹ کے دیگررہائشیوں نے رٹ پٹیشن دائر کی ہے جس میں اس کیمیکل کا استعمال ملحقہ زرعی زمینوں کیلئے بھی نقصان دہ قراردیاگیا ہے ۔ نعمان محب کاکاخیل ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائر رٹ میں موقف اپنایاگیاہے کہ کوہاٹ میں سونے کی کان کنی کے دوران مرکری (کیمیکل) استعمال کی جاتی ہے جس کے جلانے سے نہ صرف ماحولیاتی مسائل پیدا ہورہے ہیں بلکہ اس کا فضلہ دریائے سندھ میں گرایاجاتا ہے جس سے پانی بھی آلودہ ہورہا ہے جبکہ یہ ملحقہ زرعی زمینوں کو بھی خراب کررہی ہے ۔ درخواست گزاروں کے مطابق کان کنی کے دوران اس کیمیکل کا استعمال اور اسکی ڈمپنگ نہ صرف انسانوں بلکہ جانوروں اور پودوں کیلئے بھی نقصان دہ ہے اور اس کا منفی اثر زرعی زمینوں پر پڑرہا ہے ،حکومت اور متعلقہ اداروں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ تمام شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرے۔اس کیمیکل کا استعمال انوائرمینٹل پروٹیکشن ایکٹ کی بھی خلاف ورزی ہے لہذا اس کا استعمال غیرقانونی قراردیکر روکا جائے ۔رٹ میں یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ ان چیزوں کو ریگولیٹ کرنے کیلئے عدالت صوبائی حکومت اورمتعلقہ محکموں کو احکامات جاری کرے تاکہ مستقبل میں بھی ان کی روک تھام ممکن ہوسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed