اوورسیز پاکستانیوں سے ترسیلات روکنے کی اپیل جلد نظر آئےگا: پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں سے ترسیلات روکنے کی اپیل کا اثر اگلے دو تین ماہ میں نظر آئےگا۔

پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مالی سال دو ہزار بائیس میں ترسیلات زر 32 ارب ڈالرز تھیں جبکہ دو ہزار چوبیس میں 27 ارب ڈالرز رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  2022میں شرح نمو 6.5 فیصد اور 2024 میں 2.4 فیصد سے بھی کم رہی ہے۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھاکہ  اوورسیز پاکستانیوں سے ترسیلات روکنے کی اپیل کا اثر اگلے دو تین ماہ میں نظر آئےگا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم کا کہنا تھاکہ کھوکھلے وژن صرف ن لیگ کی حکومت میں ہی آتے ہیں مگر اڑان پاکستان میں تو حد ہی ہوگئی ہے، اڑان پاکستان کہتا ہے 2030 سے 2047تک شرح نمومسلسل 9.98 فیصد تک رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا 725 ارب روپے کا مجموعی قرض ہے، اتنا قرض شہباز نے صرف ایک ہفتے میں لیا، ہمارے دفاتر سے اب پنجاب والے پوچھ رہے ہیں کہ کیسے ہم نے معیشت کو بہتر کیا؟

دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں بیرون ملک پاکستانیوں نے 33 فیصد زائد رقوم بھیجیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دسمبر 2024 میں 3.07 ارب ڈالرز وطن بھیجے اور دسمبر 2024 کی ترسیلات دسمبر 2023 سے 29 فیصد زائد ہیں۔

اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب سے سب سے زیادہ 77 کروڑ ڈالرز اور متحدہ عرب امارات سے 63 کروڑ ڈالرز بھیجے گئے۔ اس کے علاوہ برطانیہ سے 45 کروڑ ڈالرز، یورپ سے 36 کروڑ ڈالرز اور امریکا سے 28 کروڑز ڈالر بھیجے گئے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستانیوں نے 33 فیصد زائد رقوم بھیجیں، پاکستانیوں نے 6 ماہ میں 17 ارب 84 کروڑ ڈالرز وطن بھیجے، جنوری سے دسمبر 2024 کی ورکرز ترسیلات 34.65 ارب ڈالر رہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے  ترسیلات زر نہ بھیجنے کی کال دی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed