شعیب جمیل
پشاور ہائیکورٹ نے ناصر باغ روڈ پر واقع نجی ہاوسنگ سوسائٹی شیخ یاسین ٹاون میں گرین بیلٹ کو کمرشل اور رہائشی علاقہ میں ممکنہ طور پر تبدیل کرنے کے خلاف دائر رٹ پر متعلقہ حکام کو ماسٹرپلان میں ردوبدل سے روک دیا اور جواب طلب کرلیا۔ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس فہیم ولی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے شیخ یاسین ٹاون کے رہائشی ولید مقصود کی رٹ کی سماعت کی۔ اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل نوید مقصود ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ شیخ یاسین ٹاون کیلئے ماسٹر پلان منظور کیا گیا اور اس کے لئے باقاعدہ رولز بنائے گئے جس میں گھروں کے سامنے ایک گرین بیلٹ یا خالی زمین رکھی گ تاکہ وہاں کے رہائشیوں کو ماحولیاتی مسائل درپیش نہ ہو تاہم حال ہی میں شیخ یاسین ٹاون کے انتظامیہ نے اسی گرین بیلٹ کو کمرشل اور گھریلو مقاصد کیلئے متعلقہ حکام سے اجازت طلب کی ہے اور ان پر ماسٹرپلان پر نظرثانی کی استدعا کی ہے جو کہ درست نہیں ۔انہوں نے عدالت کوبتایا کہ ماسٹرپلان کی منظوری کے بعد اس میں رد وبدل نہیں ہو سکتا کیونکہ وہاں کے رہائشیوں نے اسی ماسٹر پلان کے تحت پلاٹ حاصل کئے اور گرین بیلٹ کا ایریا اسی کے لئے ہوتا ہے کہ وہاں پر پودے لگائے جائے یا اس کو گھروں کے سامنے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے خالی چھوڑا جائے مگر اب ایک مرتبہ پھر ٹی ایم اے کو شیخ یاسین ٹاون انتظامیہ نے نظرثانی درخواست کی ہے جو درست نہیں اور اسی فیصلے سے وہاں کے رہائشی شدید تذبذب کا شکار ہیں عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد ماسٹر پلان میں تبدیلی روک دی اور ٹی ایم اے کے ساتھ ساتھ مذکورہ ہاوسنگ سوسائٹی کے انتظامیہ کو نوٹس جاری کردیا