بالی وڈ کنگ شاہ رخ کے مداح بخوبی واقف ہیں کہ ان کے کامیاب کیرئیر کے پیچھے گوری خان کی مدد نہ ہونے کے برابر ہے لیکن کیا آپ یہ جانتے ہیں کہ گوری دیگر بیویوں کے برعکس شاہ رخ کی کامیابی کے بجائے ان کے فلموں کے فلاپ ہونے کی دعا بھی کرتی تھیں؟
بھارتی میڈیا پر ریڈٹ پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے گوری کا ایک انٹرویو شیئر کیا گیا ہےکہ جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے شاہ رخ کیلئے بالی وڈ میں کامیابی کی دعا نہیں کی، اس کے برعکس ان کی فلموں کے فلاپ ہونے کی دعا کرتی تھی کیوں کہ شاہ رخ کے کیرئیر کے آغاز میں مجھے ان کی فلموں حتیٰ کہ ان کے فلمی کیرئیر سے بھی کوئی دلچسپی نہیں تھی‘۔
گوری خان نے کہا کہ’مجھے شاہ رخ کی فلموں میں کام کی خواہش پسند نہیں تھی، جہاں پورا خاندان شاہ رخ کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا تھا وہیں میں ان کی فلموں کے فلاپ ہونے کی دعا کرتی تھی‘۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس کی ایک وجہ گوری کیلئے شادی کے فوری بعد ممبئی میں ایڈجسٹ ہونے کیلئے مشکلات کا سامنا بھی تھا جس کو دیکھ کر شاہ رخ نے اہلیہ سے وعدہ کیا تھا اگر وہ اداکاری میں کامیاب نہ ہوئے تو دہلی واپس چلے جائیں گے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں گوری خان نے بتایا تھا کہ ’میں چاہتی تھی کہ شاہ رخ کی تمام فلمیں فلاپ ہو جائیں اور ہم دہلی واپس چلے جائیں، مجھے اس بات کی بھی پرواہ نہیں تھی کہ ان کی فلم دیوانہ یا بازیگر سپر ہٹ ہوچکی تھیں اور نہ ہی میں نے ان کی یہ فلمیں دیکھی تھیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے شاہ رخ کی فلموں کو سمجھنے حتیٰ کہ یہ جاننے میں بھی کہ ان کی فلمیں کس طرح پرفارم کرتی ہیں 9سال لگے جس کیلئے میرے دوستوں نے میری کافی مدد کی‘۔