کرم میں امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا، بیرسٹر سیف

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ کرم میں ہر حال میں امن کو یقینی بنایا جائے گا اور امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ کوہاٹ میں ہونے والے گرینڈ جرگے کے معاہدے کے مطابق کرم میں ہر حال میں امن کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کرم پر حملہ امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام مذموم سازش تھی، کرم کے عوام امن دشمن عناصر سے ہوشیار رہیں،امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے عوام سے اپیل کی کہ علاقے میں پائیدار امن کے لیے انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ تعاون کیا جائے، وزیراعلی نے واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا سکیورٹی خدشات کے پیش نظر قافلے کو وقتی طور روک دیا گیا ہے، کلیئرنس ملنے کے بعد عنقریب قافلے کو روانہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کرم امن معاہدے کے تحت تقریبا 3 ماہ بعد پہلے قافلے کو کرم کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم قافلے کی روانگی سے کچھ وقت قبل لوئر کرم کے علاقے بگن میں ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود کے کانوائے پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ڈی سی جاوید محسود سمیت ایف سی اور پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed