پاکستان ویمن لیکروس ٹیم فروری میں جاپان کا دورہ کریگی ، قومی ٹیم جاپان میں انٹرنیشنل ٹریننگ کیمپ اور14 سے 18 فروری 2025 ء تک منعقد ہونیوالی اوکیناوا اوپن لیکروس چیمپئن شپ میں شرکت کریگی، جس کیلئے پاکستان لیکروس فیڈریشن کے زیراہتمام نیشنل ویمن ٹیم کا ٹریننگ کیمپ رواں ہفتے اسلام آباد میں شروع کیا جائے گا۔نیشنل کیمپ میں مذکورہ چیمپئن شپ اور اس کے بعد مستقبل قریب میں دیگر انٹرنیشنل ایونٹس کیلئے قومی خواتین کھلاڑیوں کو جدید خطوط پر تربیت فراہم کی جائے گی۔ پاکستان لیکروس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل طیفور زرین نے بتایا کہ اسلام آباد لیکروس ایسوسی ایشن نے نیشنل ٹریننگ کیمپ کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے ۔ یہ کیمپ دو مراحل میں شروع کیا جارہاہے، پہلے مرحلے میں راولپنڈی، اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی اور اسلام آباد لیکروس ٹیم کی کھلاڑی آج کیمپ کمانڈنٹ کو رپورٹ کریں گی اور کل 7جنوری سے باقاعدہ ٹریننگ شروع کی جائے گی جبکہ اوکیناوا اوپن لیکروس چیمپئن شپ جاپان کیلئے پاکستان ویمن لیکروس ٹیم کی منتخب کھلاڑی 10جنوری تک کیمپ میں رپورٹ کریں گی اور 11 نوری سے ان کی باقاعدہ ٹریننگ وپریکٹس شروع ہوجائے گی۔ طیفور زرین نے بتایا کہ نیشنل کیمپ میں 30خواتین کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے مطابق جدید تربیت دی جائے گی جن میں سے 15کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم اوکیناوا اوپن لیکروس چیمپئن شپ جاپان میں شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ اولمپک کھیل لیکروس جس قدر تیزی سے پاکستان میں مقبول ہورہا ہے، انشاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ پاکستان ٹیم بین الاقوامی سطح پر سبزہلالی پرچم سربلند کرے گی۔