بنوں (قاسم احمد سے)
بنوں کی صحافی برادری بزرگ صحافی سے محروم ہو گئی ، بنوں پریس کلب کے سرپرست اعلی حاجی عبدالمنان عادل انتقال کرگئے ، مرحوم کو کبیر بابا قبرستان میں سپردخاک کیا گیا، نماز جنازہ میں بنوں، شمالی وزیرستان ، پشاور، لکی مروت، کرک سمیت مختلف اضلاع کی صحافی برادری ، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائندوں ، سول سوسائٹی اور کثیر تعداد میں علاقہ عمائدین شریک ہو ئے ، مرحوم سینئر صحافی فدا عدیل، زاہد محمد اور شاہد محمد کے والد اور بنوں پریس کلب کے سرپرست اعلی تھے مرحوم گزشتہ 48 سال سے صحافت کے میدان میں مختلف قومی اخبارات کیلئے لکھتے چلے آ رہے مرحوم کے تینوں بیٹے بھی صحافت کے پیشے سے وابستہ ہیں حاجی عبدالمنان عادل کی وفات پر بنوں پریس کلب اور صحافی برادری نے غمزادہ خاندان کیساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے بنوں پریس کلب کے اراکین نے اس موقع پر کہا کہ حاجی عبدالمنان عادل کی وفات صحافی برادری کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے مرحوم بزرگ صحافی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، واضح رہے کہ آج بروز ہفتہ بنوں پریس کلب کی نئی کابینہ کی حلف برداری تقریب میں حاجی عبدالمنان عادل کو صحافتی خدمات پر ایوارڈ بھی دیا جانا تھا لیکن ان کی وفات سے حلف برداری تقریب موخر کر دی گئی۔گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سینئرصحافی فداعدیل کے والداوربزرگ صحافی حاجی عبدالمنان عادل کی وفات پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیاہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں گورنرنے فدا عدیل اورغمزدہ خاندان کے دیگرافراد کے ساتھ دلی ہمدردی ظاہرکرتے ہوئے مرحوم کے درجات بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔