چہل قدمی ایک سادہ اور آسان جسمانی سرگرمی ہے جو جسمانی فٹنس کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
مگر سوال یہ ہے کہ آخر روزانہ کتنے میل چہل قدمی کرنے سے صحت کو سب سے زیادہ فائدہ ہوتا ہے؟
اس حوالے سے ہونے والے تحقیقی کام کے نتائج یکساں نہیں بلکہ مختلف ہیں۔
مگر زیادہ تر شواہد میں عندیہ دیا گیا ہے کہ روزانہ 4 سے 5 میل چہل قدمی کرنے سے صحت کو نمایاں فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ جو بالغ افراد اتنے فاصلے تک چہل قدمی کرتے ہیں، ان کی دل کی صحت بہتر ہوسکتی ہے، مزاج خوشگوار جبکہ عمر کی مدت میں اضافہ ہوتا ہے۔
تو آپ کو کتنے فاصلے تک چہل قدمی کرنی چاہیے؟
روزانہ آپ کو کتنے میل چہل قدمی کرنی چاہیے، اس کا انحصار آپ کے اپنے طے کردہ اہداف، عمر، صحت کی حالت اور دیگر جسمانی سرگرمیوں پر ہوتا ہے۔
خود کو جسمانی طور پر متحرک سمجھنے کے لیے آپ کو روزانہ کم از کم 5 ہزار قدم یا ڈھائی میل تک چلنا چاہیے۔
طبی اداروں کی جانب سے بالغ افراد کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ہر ہفتے کم از کم 150 منٹ تک معتدل جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنائیں۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ روزانہ 22 منٹ تک تیز رفتاری سے چہل قدمی کریں یا ایک میل تک چہل قدمی کریں۔
مگر صحت کے لیے زیادہ فوائد اور اوسط عمر میں اضافے کے لیے آپ کو روزانہ 4 سے 5 میل یا 8 سے 10 ہزار قدم چلنے کی ضرورت ہوگی۔
روزانہ کم از کم 8 ہزار قدم (لگ بھگ 4 میل) چلنے سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے اور قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔