پاک چائنہ فرینڈشپ سکول گوادر جسے سرکاری طور پر "گورنمنٹ گرلز مڈل سکول فقیر کالونی گوادر” کے نام سے جانا جاتا ہے،اس کو محکمہ سکول ایجوکیشن بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے بعد "ہائی سکول” میں اپ گریڈ کر دیا گیا۔گوادر پرو کے مطابق اس اپ گریڈ سے گوادر کی ہزاروں لڑکیوں کو نویں سے دسویں جماعت تک مفت اعلی تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ فی الحال اس اسکول میں تقریبا 500 طالبات زیر تعلیم ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق ابتدائی طور پر 2016 میں پرائمری تعلیم فراہم کرنے کے لیے چینی گرانٹ سے قائم ہونے والے 1600 مربع میٹر کے اس اسکول کو والدین اور اساتذہ کی درخواستوں پر 2017 میں مڈل اسکول میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ اب اس میں دو تدریسی عمارتیں اور کئی اضافی سہولیات موجود ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق چائنہ پاکستان گورنمنٹ ہائی سکول فقیر کالونی گوادر میں تعلیم کے فروغ میں سنگ بنیاد کے طور پر کام کرتا ہے کیونکہ یہ اپنے بچوں کے لئے معیاری تعلیم حاصل کرنے والے والدین کے لئے ترجیحی انتخاب بن گیا ہے۔ کمپیوٹر لیب اور نئے فرنیچر سمیت اس کی جدید سہولیات اسے علاقے کے دیگر اسکولوں سے ممتاز کرتی ہیں۔