آذربائیجان کا مسافر طیارہ قازقستان میں گر کر تباہ، 35 افراد ہلاک

آذربائیجان کا مسافر طیارہ قازقستان میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہو گئے ۔ بدھ کو آذربائیجان ایئرلائنز کی ایکس پوسٹ کے مطابق ایمبریئر 190 ساخت کا طیارہ آذربائیجان ایئرلائنز کی پرواز J2-8243 کو لے کر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی جارہا تھا، تاہم قازقستان کے شہر آقتا سے تقریبا 3 کلومیٹر کے فاصلے پر ہنگامی لینڈنگ کرنے پر مجبور ہوا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق قازقستان کی وزارت مواصلات کا کہنا ہے کہ طیارے میں سوار 32 افراد کو بچالیا گیا ہے۔ ایئرلائنز کے مطابق طیارے میں 62 مسافر اور عملے کے 5 ارکان سوار تھے، ابتدائی معلومات کے مطابق جہاز میں آذربائیجان کے37، روس کے 16، قازقستان کے 6 اور کرغزستان کے 3 شہری سوار تھے، ایئرلائنز نے مسافروں اور عملے کے ناموں کی فہرست بھی جاری کردی ہے۔ گروزنی میں شدید دھند کے باعث حادثے کا شکار ہونے سے قبل طیارے کو رخ تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ روسی ہوا بازی کے نگران ادارے کے مطابق اطلاعات ہیں کہ طیارے سے پرندہ ٹکرانے کے بعد پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ حادثے کی غیر مصدقہ ویڈیو میں آذربائیجان ایئرلائنز کے طیارے میں زمین سے ٹکراتے ہی آگ بھڑک اٹھی اور دھوئیں کے گہرے بادل دیکھے گئے تاہم آگ پر قابو پالیا گیا۔ قازقستان میں حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک سرکاری کمیشن تشکیل دیا گیا ہے اور اس کے ارکان کو جائے وقوع پر پہنچنے اور زخمیوں اور مرنے والے مسافروں کے ورثا کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، قازق حکام کا کہنا ہے کہ وہ تحقیقات میں آذربائیجان کے ساتھ تعاون کریں گے۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے حادثے کے بعد روس کا دورہ مختصر کر دیا ہے جہاں انہیں سربراہی اجلاس میں شرکت کرنا تھی۔ کریملن کے حمایت یافتہ چیچنیا کے رہنما رمضان قادروف نے ایک بیان میں تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہسپتال میں زیر علاج افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ روس کے خبر رساں ادارے کے مطابق قازق حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے حوالے سے تکنیکی خرابی سمیت دیگر امکانات پر غور کیا جارہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed