شعیب جمیل
پشاور ہائیکورٹ نے کرم میں امن وامان کی ابتر صورتحال کے باعث ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے سکالرز شپ کے لیے آج ہونیوالے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد روک دیا اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے حکام کو طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 31 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے ایچ ای سی سکالرشپ کے لیے انٹری ٹیسٹ امتحان سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ درخواست کرم سے تعلق والے طلبہ نے دائر کی تھی ، دوران سماعت درخواست گزاروں کے وکیل عنایت اللہ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ کرم میں امن وامان کی صورتحال کافی خراب ہے اور اس 26 دسمبر کو سکالرشپ کے لئے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا جا رہاہے ، عدالت کو بتایا گیا کہ 100 سکالرشپس فاٹا اور بلوچستان کے طلبہ کے لیے ہیں جس کے لیے یہ انٹری ٹیسٹ ہورہے ہیں تاہم کرم میں حالات کشیدہ ہے لہذا امتحانی ہال کو صدہ منتقل کیا جائے اور اس امتحان کا انعقاد کو روکا جائے ، عدالت نے مختصر حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کرم کی حد تک امتحان موخر کردیا، عدالت نے ایجوکیشن ٹیسٹنگ اتھارٹی کو فریق بناتے ہوئے نوٹس جاری کرتے ہوئے اگلی سماعت پر جواب جمع کرنے کا حکم دیا عدالت نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ذمہ دار افسران کو اگلی سماعت پر بذات خود پیش ہونے کا حکم دیا اور 31 دسمبر تک مزید سماعت ملتوی کردی۔