ڈائریکٹر جنرل محکمہ قانون اور انسانی حقوق غلام علی نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے بھر پور عملی اقدامات کئے جارہے ہیں ،خیبر پختونخوا میں ہندو برادری کے دیرینہ تحفظات کو دور کرنے کیلئے جلد ہی ہندو میرج بل کے قواعد وضع کئے جائیں گے اور اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے جے پرکاش کی سربراہی میں اقلیتی حقوق کیلئے قومی لابنگ وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ، ملاقات میں صوبے میں اقلیتوں کے حقوق کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،وفد نے ہندو میرج بل کیلئے طویل عرصے سے زیر التوا قوانین کی تشکیل پر زور دیا جو کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ، خیبر پختونخوا میں تعطل کا شکار ہے، وفد نے ہندو میرج بل کے نفاذ میں تاخیر کی وجہ سے ہندو برادری کو درپیش چیلنجوں پر روشنی ڈالی،انہوں نے ہندو اقلیت کے ازدواجی حقوق کے تحفظ، شادیوں کی قانونی شناخت، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور خاندانی تنازعات کے حل کے لئے قانون سازی کی اہم ضرورت پر زور دیا، ڈائریکٹر جنرل غلام علی نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے خدشات کو متعلقہ حکام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور آئین پاکستان کے تحت تمام شہریوں کے ساتھ مساوی سلوک کو یقینی بنانے میں خیبر پختونخوا حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔