ترقی کیلئے قائداعظم کے زریں اصولوں کو شعاربناناہوگا، علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے علیحدہ ریاست کے قیام کے سلسلے میں قائداعظم محمد علی جناح کی دانشمندانہ قیادت اور انتھک جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد اعظم کی قیادت میں مسلم رہنماوں کی انتھک جدوجہد کے نتیجے میں مملکت خداداد پاکستان معرض وجود میں آئی جس کی بقاء و سلامتی اور ترقی و خوشحالی ہماری اولین ذمہ داری اور ترجیح ہے۔ قائداعظم کے زریں اصولوں ایمان، اتحادا ورتنظیم کو اپنی زندگی کا شعار بنا کر ہم پاکستان کی تعمیر و ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت کے مسلم مخالف اور جارحانہ رویے نے ثابت کر دیا ہے کہ مسلمانوں کیلئے علیحدہ ریاست کے قیام کا فیصلہ درست اور ضروری تھا اور پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کے مسائل کا واحد اور کل وقتی حل تھا۔علی امین گنڈا پور نے کہاکہ اپنے وطن کی بقاء و سلامتی کے لئے پاک افواج اور پاکستانی قوم نے پہلے کسی قربانی سے دریغ کیا ہے اور نہ آئندہ اپنے وطن کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ کریں گے۔ اْنہوں نے کہاکہ پاکستان ہمارے آبائو اجداد اور اسلاف کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں وجود میں آیا جس کا اصل مقصد ایک اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا اور آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم بانیان پاکستان کے وژن کے مطابق اس ملک کو ایک عظیم فلاحی ریاست بنانے کیلئے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کریں اور ملک میں قانون ، انصاف اور میرٹ کا نظام قائم کریں جو ایک فلاحی ریاست کے بنیادی ستون ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed