شعیب جمیل
پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور ایم این اے شاندانہ گلزار کی راہدرای ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت کردی اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کی ۔درخواست گزار کی جانب سے کیس کی پیروی عالم خان ادینزئی ایڈوکیٹ نے کی۔ انہوں نے عدالت کوبتایا کہ درخواست گزار قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہے اوراس کے خلاف 24 نومبر کے احتجاج کے بعد مقدمات درج کئے گئے ہیں وہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونا چاہتے ہیں اسلئے راہداری ضمانت دی جائے فاضل بنچ نیعمر ایوب کو ایک مہینے کی راہداری ضمانت دیتے ہوئے انہیں متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی اسی طرح فاضل بنچ نے رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کی راہداری ضمانت کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے درخواست گزارہ کی راہداری ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 21 جنوری تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ حکومت نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی ہے، ہم دیکھیں گے کہ ان کی نیت کیسی ہے؟۔عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی ہے، ان سے مذاکرات ہوں گے۔ آج مذاکرات کا پہلا دور ہے، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ حکومت کی نیت کیسی ہے، یہ بھی دیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے میری ملاقات نہیں ہوئی، نہ مذاکراتی ٹیم کی ملاقات ہوئی ہے۔ ہم ملاقات کے لیے گئے تھے لیکن اس دن مجھے گرفتار کیا گیا۔ ہمارے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں۔