غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ نہ رک سکا، صیہونی فورسز کی شیلنگ سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 21 فلسطینی شہید ہو گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے کمال عدوان ہسپتال پر شیلنگ جبکہ نصیرات کیمپ پر بمباری کی جس سے 5 فلسطینی شہید ہو گئے، شہدا میں دو بچے بھی شامل ہیں۔صیہونی فورسز کی مختلف مقامات پر بمباری سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21 فلسطینی شہید جبکہ 61 زخمی ہوئے۔غزہ پر اسرائیلی فورسز کے حملوں میں اب تک شہدا کی تعداد 45 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ ایک لاکھ 7 ہزار 500 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔دوسری جانب حماس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اسلامی جہاد اور پاپولر فرنٹ کے ساتھ جنگ بندی معاہدے پر بات چیت جاری ہے، غزہ میں تمام گروپس جنگ بندی معاہدے کے قریب ہیں، چاہتے ہیں اسرائیل جنگ بندی کیلئے نئی شرائط پیش نہ کرے۔