صوبائی مشیر صحت احتشام علی ایڈووکیٹ نے 15 دسمبر2024 سے شروع ہونے والے پولیو پروگرام کا باضابطہ آغاز اپنی رہائش گاہ سے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیو کے خاتمے کی اہمیت پر زور دیا اور اپنی بیٹی کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر اس قومی مہم کا حصہ بنے۔مشیر صحت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو اس موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی عوام کے تعاون سے مشروط ہے اور ہمیں اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے اس قومی فریضے میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔احتشام علی ایڈووکیٹ نے انسداد پولیو ٹیموں کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہیروز ہماری قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور پولیو کے خاتمے کے مشن کو کامیاب بنائیں۔