پولیس سٹیشن عمر زئی کے حدو د علاقہ اخون ڈھیری میں موٹر سائیکل پر بارودی مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے دورا ن زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہلاک ہوا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی تاہم رش نہ ہونے کے باعث دھماکے سے مزید کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا ۔ چارسدہ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرنے کے لئے مراسلہ سی ٹی ڈی کو ارسال کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق علاقہ اخون ڈھیری میں ہری چند روڈ پر گزشتہ صبح اس وقت زور دار دھماکہ ہوا جب جلال ولد لیاقت نامی شخص اپنے موٹر سائیکل پرسات سے آٹھ کلوگرام بارودی موادایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کررہاتھا ۔ زور دار دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی تاہم صبح سویرے دھماکے والی جگہ پر رش نہ ہونے کے باعث موٹرسائیکل سوار کی ہلاکت کے علاوہ کوئی دوسرا جانی نقصان نہیں ہوا ۔ دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور بم ڈسپوزل سکواڈ موقع پر پہنچ گئی جہاں پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کئے ۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے ہلاک ہونے والے شخص جلال کا شناختی کارڈ اور بٹوا بھی ملا۔شواہد اور پولیس مراسلے کے مطابق ہلاک ہونے والیموٹر سائیکل سوار علاقہ عمرزئی کا رہائشی ہے ۔ دوسری جانب پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرنے کے لئے تحریری مراسلہ سی ٹی ڈی مردان کو ارسال کر لیا ہے ۔ واقعہ پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر اور سابق ایم پی اے شکیل بشیر خان نے الزام لگایا کہ انکے دیرینہ دشمن اور سیاسی مخالف پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے ارشد عمرزئی اور انکے بھائیوں نے ان کے ڈرائیورجلال کو بھاری پیسے کیبدلے ان کے خلاف اکسایا جو بارودی مواد لیکر ان کے گھر اور حجرے کو اڑانا چاہتا تھا تاہم ایم پی اے ارشد عمرزئی نے بی جوابا الزام عائد کیا ہے کہ بشیر خان خاندان سے ان کی دیرینہ دشمنی اور سیاسی مخالفت چلی آرہی ہے اور اس واقعہ میں بھی انہوںنے اپنے ڈرائیور کو باردوی مواد دیا تھا جو ان کی گھر کی طرف آرہا تھا جو راستے میں ہی پھٹ گیا جس سے ان کی ڈرائیور کی ہلاکت ہوئی ۔